کرتارپور : فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری ریسکیو و ریلیف آپریشنز کا جائزہ لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر گوجرانوالہ نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے سیالکوٹ سیکٹر، شکرگڑھ، نارووال اور کرتارپور کا دورہ کیا۔
اس موقع پر انہیں سیلابی صورتحال، جاری امدادی سرگرمیوں اور ممکنہ بارشوں سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ فیلڈ مارشل نے ریسکیو آپریشنز میں مصروف سول و عسکری اداروں کی کاوشوں کو سراہا اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کی تعریف کی۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کرتارپور میں سیلابی صورتحال کا فضائی جائزہ بھی لیا اور سکھ برادری سے ملاقات کی۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ سیلاب سے متاثرہ تمام مذہبی مقامات بشمول کرتارپور کو بحال کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اقلیتوں اور ان کے مقدس مقامات کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : فیلڈ مارشل کا پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ، سکھ یاتریوں سے ملاقات
سکھ برادری نے پاک فوج اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی گئی سہولیات اور امدادی کاموں پر شکریہ ادا کیا۔ فیلڈ مارشل نے سول انتظامیہ کے بروقت اور مؤثر اقدامات کی بھی تعریف کی، جس کی بدولت جانی و مالی نقصان کو کم سے کم رکھا جا سکا۔
انہوں نے جاری امدادی کارروائیوں میں شریک سول انتظامیہ کے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ قومی آفات میں عسکری و سول اداروں کا باہمی تعاون ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔





