پشاور: خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے بھارت کی جانب سے آبی جارحیت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو اس جارحیت کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ میں بدترین شکست کے بعد بھارت آبی جارحیت پر اتر آیا ہے، مگر مودی سرکار کے اوچھے ہتھکنڈے رائج ہیں اور انہیں ناکامی ہی ملے گی۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں خیبرپختونخوا حکومت پنجاب کے عوام کے ساتھ مکمل طور پر کھڑی ہے۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں صوبائی حکومت نے پنجاب کو ہر قسم کا تعاون فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا بھی سیلاب سے بری طرح متاثر ہوا ہے، لیکن حکومت نے شاندار ریسکیو آپریشنز کے ذریعے تقریباً 6 ہزار افراد کو بچایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سیلاب سے متاثرہ علاقے بشمول کرتارپور جلد بحال کیے جائیں گے، فیلڈ مارشل
مشیر اطلاعات نے کہا کہ ریسکیو آپریشن کے بعد ریلیف و بحالی کا عمل جاری ہے اور وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور خود اس آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔
متاثرہ افراد کو معاوضے کی فراہمی کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے۔ اب تک شہدا کے لواحقین کو 65 کروڑ روپے سے زائد کے چیکس فراہم کیے جا چکے ہیں جبکہ زخمیوں کو 20 کروڑ روپے کے چیکس دیے گئے ہیں۔
بیرسٹر سیف نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی اور تعاون کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ متاثرہ خاندان جلد معمول کی زندگی کی طرف لوٹ سکیں۔