کھیل صرف مقابلہ نہیں، جذبہ بھی ہے!ہیڈکوچ قومی ٹیم نے پاکستان کی فتوحات کو سیلاب متاثرین کے نام کردیا

کھیل صرف مقابلہ نہیں، جذبہ بھی ہے! قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے تین ملکی سیریز میں پاکستان کی شاندار فتوحات کو سیلاب متاثرین کے نام کر کے انسانیت دوستی کی ایک عمدہ مثال قائم کر دی۔

گزشتہ روز پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو شکست دیکر سیریز میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی، اس سے قبل ٹیم نے افغانستان کو بھی مات دی تھی۔ ان کامیابیوں کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے پیغام میں ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے لکھا:

’’ہم اپنی مسلسل فتوحات ان لوگوں کے نام کرتے ہیں جو اس وقت پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ ہم ان کی حفاظت، ہمت اور جلد بحالی کے لیے دعاگو ہیں۔‘‘

پاکستان کے مختلف علاقوں، خاص طور پر پنجاب، خیبر پختونخوا اور شمالی علاقہ جات میں حالیہ دنوں میں آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ نے بڑی تباہی مچائی ہے۔ ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں، جبکہ سیلابی حادثات میں اموات کی تعداد 30 تک پہنچ گئی ہے۔

ایسے حالات میں قومی ٹیم کی جانب سے متاثرہ عوام سے اظہار یکجہتی اور ہمدردی نہ صرف حوصلہ افزا قدم ہے بلکہ یہ ثابت کرتا ہے کہ کرکٹ پاکستان میں صرف کھیل ہی نہیں، بلکہ ایک جذباتی رشتہ بھی ہے۔

سوشل میڈیا پر صارفین نے مائیک ہیسن کے اس جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ صرف ایک کوچ کا بیان نہیں بلکہ پاکستانی قوم سے جڑے دل کی آواز ہے۔

Scroll to Top