پشاور میں آٹا مزید مہنگا ، 20 کلو کا تھیلا 1900 روپے کا ہو گیا،شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی

پشاور میں آٹا مزید مہنگا ، 20 کلو کا تھیلا 1900 روپے کا ہو گیا،شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی

پشاور میں مہنگائی کا ایک اور جھٹکا، آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔ فائن آٹے کا 20 کلوگرام تھیلا 1900 روپے تک جا پہنچا، جس نے عام آدمی کے بجٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

آٹا ڈیلرز کے مطابق 20 کلو فائن آٹے کی قیمت میں مزید 50 روپے اضافہ ہوا ہے، جبکہ سپر فائن آٹا 1850 روپے اور مکس آٹے کا تھیلا 1800 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ صرف دس دن کے دوران آٹے کی قیمت میں 300 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس نے عوام کی پریشانیوں میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے۔

ڈیلرز کا کہنا ہے کہ گندم کی قیمتوں میں اضافے نے آٹے کی لاگت بڑھا دی ہے، اور اگر گندم کی قیمتوں میں کمی نہ آئی تو آٹا مزید مہنگا ہو سکتا ہے۔

اس وقت نہ صرف پشاور بلکہ اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں بھی آٹے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گندم کی قیمتوں میں استحکام لایا جائے اور آٹے کی قیمتوں پر کنٹرول کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، تاکہ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔

Scroll to Top