وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کالا باغ ڈیم کی حمایت کر دی

اسلام آباد:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کالا باغ ڈیم کے حوالے سے اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس منصوبے کی حمایت کرتے ہیں تاہم تمام صوبوں اور فریقین کے تحفظات دور کرنا ضروری ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ صوبائیت کی بنیاد پر پورے پاکستان کے فائدے کو پیچھے نہیں دھکیل سکتے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جب پاکستان کا فائدہ ہے تو اسے کسی کی ذاتی رائے یا صوبائی تعصب کی وجہ سے روکا نہیں جا سکتا۔ میں صوبائیت کے چکر میں پورے ملک کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

انہوں نے واضح کیا کہ کالا باغ ڈیم جیسے منصوبے پاکستان کے اجتماعی مفاد میں ہیں، لیکن ان پر پیش رفت سے پہلے تمام فریقین کے تحفظات دور کیے جائیں، اور انہیں ان کے جائز حقوق بالخصوص واٹر رائٹس کے مطابق مطمئن کیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ منصوبے ہماری آنے والی نسلوں کے لیے ضروری ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ سب کو ان کے حقوق کے مطابق مطمئن کر کے، واٹر رائٹس کے ڈاکومنٹس کے مطابق، کالا باغ ڈیم جیسے منصوبے ضرور بنانے چاہئیں تاکہ ہم اپنی نسلوں کو ایک محفوظ اور خوشحال مستقبل دے سکیں۔

Scroll to Top