اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے اجلاسوں سے مکمل بائیکاٹ کا فیصلہ کر لیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے دیگر پارلیمانی ارکان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پارٹی اب ایوان میں شرکت کے بجائے احتجاجاً غیر حاضر رہے گی۔
یہ فیصلہ آج خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والے پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت بیرسٹر گوہر نے کی۔
اجلاس کے دوران بانی چیئرمین عمران خان کی جانب سے بھجوائے گئے احکامات ارکان کو پڑھ کر سنائے گئے جنہیں پارٹی نے مکمل طور پر تسلیم کیا۔ اس موقع پر شرکاء نے شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔
بیرسٹر گوہر نے حکومت اور اسمبلی کی کارروائیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ارکان کو جمہوری حق استعمال کرنے سے محروم کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہر موقع پر ایوان کے اندر اپنا مؤقف جمہوری انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی، مگر ہمیں نہ بولنے دیا گیا، نہ برداشت کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کالا باغ ڈیم کی حمایت کر دی
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی ارکان کی نشستیں جان بوجھ کر چھینی گئیں، انہیں نااہل قرار دیا گیا، اور یہاں تک کہ جشن آزادی جیسے قومی موقع پر بھی پارٹی کو دیوار سے لگایا گیا۔





