سہ ملکی سیریز: افغانستان نے یو اے ای کو 38 رنز سے شکست دے دی

شارجہ: سہ ملکی کرکٹ سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں افغانستان نے میزبان متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو شکست دے دی۔

یو اے ای اور افغانستان کے درمیان شارجہ کے گراؤنڈ میں کھیلا گیا یہ مقابلہ دلچسپ رہا۔ ٹاس جیت کر یو اے ای نے پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے۔ ٹیم کی جانب سے ابراہیم زادران 63 اور صدیق اللہ اتل نے 54 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

کریم جنت اور عظمت اللہ عمر زئی نے بھی بالترتیب 23 اور 20 رنز بنا کر ٹیم کو مضبوط سکور فراہم کیا۔یو اے ای کے باؤلرز میں محمد روہید اور صغیر خان نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں یو اے ای کی ٹیم 189 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز ہی بنا سکی۔

یہ بھی پڑھیں : کالا باغ ڈیم ممکن نہیں، بڑے ڈیمز پر سیاست ختم کریں، رانا ثنااللہ

کپتان محمد وسیم 67 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ راہول چوپرا 52 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ باقی ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی دوہرے ہندسے تک نہ پہنچ سکا۔

افغانستان کی جانب سے کپتان راشد خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ شرف الدین نے 2 وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

Scroll to Top