اسلام آباد: فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے ملک بھر میں دریاؤں، ڈیمز اور بیراجز کی سیلابی صورتحال سے متعلق تازہ رپورٹ جاری کردی ہے، جس کے مطابق کئی مقامات پر پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو چکی ہے۔
ترجمان کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1550.12 فٹ، راول ڈیم میں 1750.90 فٹ، منگلا ڈیم میں 1226.10 فٹ جبکہ سملی ڈیم میں 2314.50 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔
ادھر دریاؤں اور بیراجز میں سیلاب کی صورتحال کچھ یوں ہے: ہیڈ تریموں، بلوکی اور سدھنائی پر بہت اونچے درجے کا سیلاب جاری ہے، جبکہ ہیڈ سلیمانکی پر اونچے درجے کے سیلاب کی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔ قادرآباد اور ہیڈ اسلام پر درمیانے درجے کے سیلاب کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
گڈو، سکھر، کوٹری، خانکی اور چنیوٹ پل کے ساتھ ساتھ جسڑ، راوی سائفن، شاہدرہ اور میلسی سائفن پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ضلعی انتظامیہ سوات کا لیویز اہلکاروں کی جانب سے سیلاب متاثرین پر لاٹھی چارج معاملے پر اہم اقدام
دریائے چناب اور راوی سے ملحقہ نالہ پلکو میں اونچے درجے کا سیلاب جاری ہے، جبکہ نالہ ایک اور نالہ بسنتر میں نچلے درجے کا سیلاب رپورٹ ہوا ہے۔
حکام نے نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر شہریوں کو محتاط رہنے اور فوری حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) اور دیگر متعلقہ ادارے الرٹ ہیں اور ڈیموں و بیراجز کی صورتحال پر مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔





