خیبرپختونخوا پولیس ہمیشہ دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑتی رہی ہے، چیف سیکرٹری و آئی جی پولیس

پشاور: چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ اور انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے آج سی ایم ایچ پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن میں زخمی ہونے والے ایس ایچ او بنوں کینٹ دمساز خان کی عیادت کی۔

چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس نے دمساز خان کی جرات و بہادری کو سراہتے ہوئے ان کے بلند حوصلے کی تعریف کی۔

 انہوں نے ایس ایچ او کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ موقع پر موجود ڈاکٹروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دمساز خان کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے جوانوں نے ہمیشہ وطن کی خاطر قربانیاں دی ہیں اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہمارے غازیوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر قوم کو امن کا تحفہ دیا ہے، اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں بنوں میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر حملہ ناکام، پانچ دہشت گرد ہلاک، چھ جوان شہید

واضح رہے کہ آج صبح بنوں میں ایف سی لائنز پر فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا۔ پولیس، سی ٹی ڈی، اور سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں تمام چھ حملہ آور مارے گئے اور علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کر لیا گیا۔ اس دوران ایس ایچ او دمساز خان بہادری سے لڑتے ہوئے زخمی ہوئے۔

خیبرپختونخوا پولیس کی اس کامیاب کارروائی کو سیکیورٹی اداروں کی مربوط حکمت عملی اور قربانیوں کا ثمر قرار دیا جا رہا ہے، جس سے ایک بار پھر یہ پیغام دیا گیا ہے کہ وطن کے محافظ دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنے رہیں گے۔

Scroll to Top