پشاور: قومی وطن پارٹی خیبرپختونخوا کے صوبائی چیئرمین سکندر شیرپاؤ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم ایک متنازعہ منصوبہ ہے اور یہ کبھی بھی تعمیر نہیں ہو سکتا۔
اُن کا کہنا تھا کہ تین صوبائی اسمبلیاں اس منصوبے کے خلاف قراردادیں منظور کر چکی ہیں، اس لیے وزیراعلیٰ کو ایسے حساس معاملات چھیڑنے سے گریز کرنا چاہیے۔
اپنے بیان میں سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے کالا باغ ڈیم کا معاملہ صرف اپنی حکومت کی ناکامیوں اور کرپشن کو چھپانے کیلئے اٹھایا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ علی امین گنڈا پور عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سکندر شیرپاؤ نے مزید کہا کہ صوبے میں بدامنی، بے روزگاری اور کرپشن میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ حالیہ سیلاب کے دوران حکومت عوام کی توقعات پر پورا نہیں اتری۔
یہ بھی پڑھیں : کالا باغ کی تعمیر سے متعلق علی امین کا بیان پارٹی پالیسی نہیں،اسد قیصر
انہوں نے زور دیا کہ حکومت کو دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم جیسے جاری منصوبوں پر توجہ دینی چاہیے تاکہ ملک کو توانائی اور پانی کے بحران سے نکالا جا سکے۔
یاد رہے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے گزشتہ روز کالا باغ ڈیم کی حمایت میں بیان دیا تھا، جس پر مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے تنقید کی جا رہی ہے۔





