چیئرمین پی سی بی نے تین ملکی سیریز میں فتح پر ٹیم کو مبارکباد دی

لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں فتح پر قومی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ٹیم نہ صرف باصلاحیت ہے بلکہ بے خوف اور جارحانہ کرکٹ کھیلنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔

اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی قیادت میں شاندار کارکردگی دکھائی، اور 14 میں سے 10 ٹی ٹوئنٹی میچز میں کامیابی حاصل کی۔

 ان کے مطابق یہ اعداد و شمار اس بات کا ثبوت ہیں کہ ٹیم درست سمت میں گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کی کامیابی سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہوا ہے اور اُمید ہے کہ یہ کارکردگی ایشیا کپ میں بھی جاری رہے گی۔

چیئرمین پی سی بی نے ٹیم پر تنقید کرنے والوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تجزیے اور تبصرے ٹورنامنٹ کے اختتام پر کیے جائیں، اس وقت ٹیم اور کھلاڑیوں کو اعتماد اور حمایت کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اُمید ہے ایشیا کپ میں شائقین کو مایوس نہیں کریں گے، سلمان آغا

محسن نقوی نے فائنل میچ میں محمد نواز کی آل راؤنڈ پرفارمنس کو سراہتے ہوئے کہا ویلڈن محمد نواز تمہاری بولنگ نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔
انہوں نے خاص طور پر محمد نواز کی ہیٹ ٹرک اور جارحانہ بیٹنگ کی تعریف کی۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے کم اسکور کے باوجود فائنل میں افغانستان جیسی مضبوط ٹیم کو شکست دے کر ثابت کیا کہ ٹیم میں دلیری، حکمتِ عملی اور جیت کا جذبہ موجود ہے۔

Scroll to Top