ستمبر میں جلسہ ہوگا، قیادت علی امین گنڈاپور کرینگے، بیرسٹر گوہر

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے انکشاف کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ستمبر میں بڑے عوامی جلسے کی ہدایت کی ہے، جس کی قیادت علی امین گنڈاپور کریں گے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی آئین و قانون کی بالادستی کے لیے جیل میں ہیں، وہ ایک خودمختار عدلیہ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی سیاسی حکمت عملی کے تحت ستمبر میں جلسے کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ عوام کے سامنے حقائق لائے جا سکیں۔

انہوں نے الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمیں سنے بغیر ڈی نوٹیفائی کیا گیا، ہمارے ارکان کو غیر قانونی طریقے سے نااہل کیا گیا، جو سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ سیاسی تناؤ برقرار رہا تو ریاست اور معیشت دونوں خطرے میں پڑ جائیں گے۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ پنجاب کے 4 ہزار دیہات اور 42 لاکھ افراد حالیہ سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں لیکن بدقسمتی سے پنجاب حکومت نے اب تک متاثرین کے لیے کسی امدادی پیکج کا اعلان نہیں کیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے ججز پر دباؤ کے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کی آزادی اسی وقت ممکن ہے جب ججز آزادانہ فیصلے دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف اپیلیں دائر ہو چکی ہیں، جنہیں سنجیدگی سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔

Scroll to Top