عوام ڈوب رہے ہیں، پنجاب حکومت فوٹو سیشن میں مصروف ہے، شیخ وقاص اکرم

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے حکومتِ پنجاب پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں تباہ کن سیلاب سے عوام کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے مگر انتظامیہ کی توجہ عوامی ریلیف کے بجائے میڈیا مہمات اور تصویری نمائش پر مرکوز ہے۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ پنجاب کا ایک بڑا حصہ پانی میں ڈوبا ہوا ہے لیکن صوبائی حکومت زمینی حقائق سے نظریں چرا کر سیاسی سرگرمیوں میں مصروف ہے، ماضی میں ایسے مواقع پر انتظامی اقدامات کیے جاتے تھے مگر اس بار عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلیف کیمپس کے قیام کی اجازت تک نہیں دی جا رہی حالانکہ بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کا یہ معاملہ کوئی نیا نہیں۔

شیخ وقاص کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں 450 سے زائد افراد کے جاں بحق ہونے کے باوجود فوری ریلیف پیکجز فراہم کیے گئے جبکہ پنجاب حکومت نے کوئی واضح اقدام نہیں اٹھایا، پنجاب میں انتخابات کو جان بوجھ کر سیلاب کی آڑ میں مؤخر کیا گیا ہے۔

سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اڈیالہ جیل کے باہر گرفتار کیے گئے چھ کارکنوں پر دہشت گردی کے مقدمات عائد کیے گئے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ منتخب نمائندوں کو اجتماعی طور پر نااہل قرار دیا گیا ہو،  پی ٹی آئی کے وزیراعلیٰ کے خلاف اتنی ایف آئی آرز درج ہیں کہ شمار کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے اور اس طرح کے اقدامات پاکستان کی ساکھ کو عالمی سطح پر نقصان پہنچا رہے ہیں۔

شیخ وقاص نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تقریباً 1000 کارکنوں کے نام ای سی ایل میں شامل کیے جا چکے ہیں، انہوں نے مزید کہا وزیراعلیٰ جلد ہی پاسپورٹ کی بندش کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: چار ڈیم بنانا بہتر حل ہے، کالاباغ ڈیم کو چھوڑ دیں، گورنر خیبرپختونخوا

پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے مریم نواز پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ گندم کی بندش جیسے سنجیدہ مسئلے کو نظر انداز کیا جا رہا ہے اور وہ عوامی مشکلات کی بجائے غیر ملکی دوروں پر زیادہ توجہ دے رہی ہیں۔

Scroll to Top