مستونگ: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں فتنۃالہندوستان کے 4 دہشت گرد ہلاک

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے بھارت کی سرپرستی میں سرگرم 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 12 ستمبر کوسیکیورٹی فورسزکواطلاع ملی تھی کہ علاقے میں بھارت کے پراکسی نیٹ ورک فتنۃالہندوستان کے دہشت گرد موجود ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دوران آپریشن سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں بھارت کی سرپرستی میں سرگرم 4 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔

دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق ہلاک دہشت گرد علاقے میں متعدد تخریبی سرگرمیوں میں ملوث رہے تھےجبکہ کارروائی کے بعد علاقے کو کلیئر کرنے کے لیے سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملک میں بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا اور دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

Scroll to Top