عمران خان کی رہائی کےلیے بیٹوں کا اقوام متحدہ سے رجوع

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی قید کے خلاف ان کے صاحبزادوں، سلیمان خان اور قاسم خان نے اقوام متحدہ سے رجوع کر لیا ہے۔

دونوں بیٹوں نے اقوام متحدہ کے اسپیشل نمائندہ برائے تشدد کے سامنے باضابطہ اپیل دائر کی ہے جس میں بانی پی ٹی آئی کو درپیش مبینہ غیر انسانی سلوک پر فوری تحقیقات اور رہائی کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان کے والد کو قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے، انہیں ناقص خوراک، طبی سہولتوں کی عدم دستیابی اور مسلسل نگرانی جیسے حالات کا سامنا ہے۔

اپیل میں کہا گیا ہے کہ یہ تمام سلوک انسانی وقار کے خلاف اور عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔

قاسم خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ میرے والد کو جمہوریت کے لیے کھڑے ہونے کی سزا دی جا رہی ہے۔ انہیں تنہائی میں رکھا گیا ہے، نہ ڈاکٹروں سے ملنے دیا جا رہا ہے اور نہ ہی قانونی مشاورت کی اجازت ہے۔

قاسم خان نے مزید دعویٰ کیا کہ ان کے والد کے ہزاروں حامیوں کو بھی یا تو اغوا کیا گیا یا فوجی عدالتوں میں پیش کیا گیا، جو کہ انصاف کے بجائے سیاسی انتقام کی مثال ہے۔

انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ پاکستان میں جمہوریت خطرے میں ہے اور دنیا کو انسانی حقوق اور جمہوریت کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔

پی ٹی آئی کے رہنما زلفی بخاری نے بھی ایک ٹویٹ میں تصدیق کی ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے لیے اقوام متحدہ کے اسپیشل نمائندے کو اپیلیں جمع کرائی گئی ہیں۔
ان کے مطابق سلیمان اور قاسم خان نے عمران خان کے لیے، جبکہ مریم وٹو نے اپنی بہن بشریٰ بی بی کے لیے درخواست جمع کروائی۔

زلفی بخاری نے کہاکہ ہم ہر پلیٹ فارم پر غیر انسانی سلوک اور غیر قانونی قید کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی سیاسی قیدی کی اہلیہ کو بھی جیل میں ڈالا گیا ہے۔ قوم اپنے قائد کے ساتھ کھڑی ہے اور کبھی ہار نہیں مانے گی۔”

انہوں نے اقوام متحدہ کے لیے قانونی اپیل تیار کرنے والی ٹیم پرسئیس اسٹریٹیجیز کے جیرڈ جینسر اور جیکب بوگارٹ کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔

Scroll to Top