اسلام آباد :قائم مقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ایوان صدر میں ملاقات کی، جس میں خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال اور متاثرہ علاقوں میں امدادی و بحالی سرگرمیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران گورنر فیصل کریم کنڈی نے صدر مملکت کو سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات، مویشیوں کی ہلاکت، اور زرعی شعبے کو پہنچنے والے شدید نقصان پر تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے زور دیا کہ متاثرہ علاقوں میں فوری ریلیف اور بحالی کے اقدامات نہایت ضروری ہیں تاکہ عوام کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے۔
قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے اس موقع پر کہا کہ ہنگامی ریلیف کے ساتھ ساتھ طویل المدتی بحالی کے لیے بھی یکساں توجہ دینا ضروری ہے تاکہ متاثرہ افراد جلد از جلد اپنی معمول کی زندگی کی طرف لوٹ سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے مشورے پر حکومت نے ماحولیاتی اور زرعی ایمرجنسی نافذ کی ہے، جس کا مقصد دیہی معیشت اور کسان طبقے کو سہارا دینا ہے۔
ان کے مطابق زرعی ایمرجنسی کے تحت سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں کو ترجیحی بنیادوں پر امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخواحکومت افغان مہاجرین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے، علی امین گنڈاپور
قائم مقام صدر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سیلاب متاثرین کی مالی معاونت کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے ذریعے تیز کیا جائے تاکہ بروقت امداد مستحقین تک پہنچائی جا سکے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نقصانات کا درست اور فوری تخمینہ لگانا بحالی کے عمل میں تاخیر سے بچنے کے لیے انتہائی اہم ہے۔
اس ضمن میں انہوں نے اعلان کیا کہ وہ جلد نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) سے بریفنگ لیں گے اور جنوبی پنجاب سمیت دیگر متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے تاکہ صورتحال کا خود جائزہ لے سکیں۔





