فرنٹیئر کانسٹبلری ہیڈ کوارٹر کی منتقلی خیبرپختونخوا کے ساتھ ناانصافی ہے،آفتاب شیرپاؤ

پشاور: قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے فرنٹیئر کانسٹبلری (ایف سی) ہیڈ کوارٹر کی اسلام آباد منتقلی کی شدید مخالفت کرتے ہوئے اسے خیبرپختونخوا کے ساتھ ایک بڑی ناانصافی قرار دیا ہے۔

وطن کور پشاور سے جاری ایک بیان میں آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ پشاور میں ایف سی ہیڈ کوارٹر کی تاریخی اہمیت اور افادیت ہے اور یہاں تمام انتظامات درست انداز میں چل رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی موجودہ لہر کو مدنظر رکھتے ہوئے اس طرح کے فیصلے ناقابل قبول ہیں اور ہر فورم پر ان کی مخالفت کی جائے گی۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ہیڈ کوارٹر کی منتقلی سے اضافی اخراجات کا بوجھ بڑھے گا اور صوبے میں پہلے سے خراب امن و امان کی صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے۔

آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ ایف سی مقامی افراد کو روزگار فراہم کرنے کا ایک ذریعہ تھی، جہاں مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو ترجیح دی جاتی تھی، جو نہ صرف علاقے کے حالات سے واقف تھے بلکہ مقامی سطح پر مؤثر خدمات بھی انجام دے رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : علی ظفر کا سیلاب متاثرین کے لیے فنڈ ریزنگ کنسرٹ، تاریخ سامنے آ گئی

انہوں نے مزید کہا کہ پہلے خیبرپختونخوا کے معدنی وسائل کو نشانہ بنایا گیا اور اب ایف سی جیسے ادارے کو صوبے سے چھیننے کی کوشش کی جارہی ہے، جو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

سربراہ قومی وطن پارٹی نے مطالبہ کیا کہ اس فیصلے پر فوری نظرثانی کی جائے تاکہ خیبرپختونخوا کے عوام کو مزید محرومیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Scroll to Top