نوشہرہ میں اغوا انٹرنیٹ کمپنی کے تینوں اہلکار بازیاب

نوشہرہ پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران اغوا ہونے والے انٹرنیٹ کمپنی کے تینوں اہلکاروں کو بحفاظت بازیاب کروا لیا، تینوں افراد کو نوشہرہ کے علاقے نظام پور سے نامعلوم افراد نے اغوا کیا تھا۔

پولیس ترجمان ترک علی شاہ کے مطابق کرک کے رہائشی اسرار نے تھانہ نظام پور میں رپورٹ درج کروائی کہ تین افراد فائبر آپٹیکل نیٹ ورک پر کام کے دوران اغواء ہو گئے ہیں۔

پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا، ضلعی پولیس سربراہ احمد شاہ کی ہدایت پر ڈی ایس پی جواد خان کی نگرانی میں ایس ایچ او نظام پور الطاف حسین سمیت دیگر افسران پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: تکنیکی خرابی کے باعث جعفر ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، متعدد مسافر زخمی

پولیس ٹیم نے مقامی مشران کے تعاون سے کارروائی کرتے ہوئے تینوں مغویوں کو کامیابی سے بازیاب کرا لیا، بازیاب ہونے والے افراد کو مکمل طور پر محفوظ حالت میں ان کے اہلِ خانہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

Scroll to Top