وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہدایت پر پشاور میں بڑے عوامی جلسے کا اعلان کر دیا۔
وزیراعلیٰ امین گنڈا پور نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وہ اس فیصلہ کن مرحلے میں بھرپور شرکت کریں اور پارٹی کی سیاسی جدوجہد کا حصہ بنیں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ یہ جلسہ ایک پیغام ہوگا کہ قوم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہے، ان کا کہنا تھا، بانی چیئرمین ہماری قوم اور بچوں کے مستقبل کے لیے یہ جنگ لڑ رہے ہیں اور ہم اُس وقت تک ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے جب تک یہ جنگ جیت نہیں لی جاتی۔
وزیر اعلیٰ نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ باہمی اختلافات کو ختم کریں، اتحاد کا مظاہرہ کریں اور موجودہ ظالمانہ نظام کے خلاف متحد ہوں۔
انہوں نے کہا ہماری جنگ ناانصافی، جبر اور ظلم کے خلاف ہے، بانی چیئرمین نے ہمیں آپس کی تقسیم ختم کرنے اور ایک دوسرے کا ساتھ دینے کی ہدایت کی ہے۔
امین گنڈ اپور نے کارکنوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ہر قسم کی گروہ بندی اور داخلی اختلافات سے دور رہیں،آپ آپس کے اختلافات ختم کریں اور کسی بھی انتشار کا حصہ نہ بنیں۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ جلسے کے دوران درود شریف کا ورد کیا جائے گا اور سب سے بڑی اجتماعی دعا کا بھی اہتمام کیا جائے گا، جو اس سیاسی اجتماع کا روحانی پہلو ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: اقوامِ متحدہ کے فورم پر پاک، بھارت جنگ کا تذکرہ، صدر ٹرمپ کا سات جنگیں رکوانے کا دعویٰ
یاد رہے پی ٹی آئی کی قیادت ان دنوں ملک بھر میں سیاسی سرگرمیوں کو تیز کرتے ہوئے عوامی رابطہ مہم میں مصروف ہے اور بانی چیئرمین کی سیاسی رہنمائی میں پارٹی کو منظم کرنے کی کوششیں جاری ہیں





