وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور بل گیٹس فاؤنڈیشن کے بانی بل گیٹس نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کے موقع پر ایک اہم ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان کی معاشی اور معاشرتی ترقی میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں پولیو کے خاتمے، غذائی معیار میں بہتری، اور سیلاب متاثرین کے لیے امدادی کارروائیوں پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بل گیٹس فاؤنڈیشن کی طرف سے پولیو کے خاتمے اور غذائی معیار میں اضافے کے لیے کیے گئے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے 2022 کے سیلاب کے دوران فاؤنڈیشن کی امدادی کارروائیوں کی تعریف کرتے ہوئے حالیہ سیلاب میں دی گئی امداد کو بھی سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ بل گیٹس فاؤنڈیشن نے پاکستان کے مختلف شعبوں میں تعاون کر کے نہ صرف انسانی مدد فراہم کی بلکہ ملک کے اقتصادی استحکام اور ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے انسداد پولیو کے سلسلے میں فاؤنڈیشن کے مسلسل تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے اس نوعیت کے تعاون کی ضرورت ہے۔
دونوں رہنماؤں نے معاشی اصلاحات، غذائی معیار میں اضافے، اور ڈیجیٹلائزیشن کے شعبوں میں مزید تعاون کرنے کا عزم ظاہر کیا اور کہا کہ دونوں فریقین مل کر پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔





