سوات، کالام میں برفباری، گبین جبہ اور لالکو میں ژالہ باری، رابطہ سڑکیں بند، امدادی سرگرمیاں جاری

شہزاد نوید

سوات کی جنت نظیر وادی کالام میں پہاڑوں پر موسمِ سرما کی پہلی برفباری کا آغاز ہو گیا ہے۔ آسمان سے گرتے سفید گالوں نے وادی کے حسین مناظر کو مزید نکھار دیا ہے۔

کالام کے پہاڑوں پروقفے وقفے سے برفباری جاری ہے جبکہ میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ بھی وقفے وقفے سے جاری ہے۔

بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے، جس کے باعث لوگوں نے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کر دیا ہے۔

ادھر سوات کے سیاحتی علاقوں گبین جبہ، لالکو اور دیگر مقامات پر شدید ژالہ باری ہوئی، جس کے نتیجے میں رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں۔

ریسکیو ٹیمیں ٹریکٹرز کی مدد سے سڑکوں کی صفائی میں مصروف ہیں، جبکہ ژالہ باری سے بند راستوں کو کھولنے کی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق میدانی اور بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ 5 اکتوبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

Scroll to Top