پشاور : خیبرپختونخوا کے مختلف بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برفباری اور بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
ضلع خیبر کی وادی تیراہ کے پہاڑی سلسلے اجگال کوکی خیل میں سال کی پہلی برفباری ہوئی، جس کے بعد پورا علاقہ سفید چادر میں ڈھک گیا۔
برفباری کے بعد وادی تیراہ میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی ہے اور مقامی لوگوں نے گرم ملبوسات اور لحافوں کا استعمال شروع کر دیا ہے۔ سرد ہواؤں کے باعث معمولات زندگی بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
اسی طرح سوات، کالام، مہوڈنڈ، کمراٹ اور دیگر بالائی علاقوں میں بھی برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس نے ان علاقوں کے حسن کو مزید نکھار دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عدم دلچسپی مہنگی پڑ گئی: محکمہ تعلیم پشاور کے 20 افسران معطل
تیمرگرہ، میدان، واڑی سمیت زیریں علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک بالائی علاقوں میں مزید برفباری اور بارش کا امکان ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔





