وزیراعظم کی ملائیشین ہم منصب سے ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیراعظم کی ملائیشین ہم منصب سے ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے سرکاری دورۂ ملائیشیا کے دوران آج ملائیشیا کے وزیراعظم عزت مآب داتو سری انور ابراہیم سے پردانا پوترا، پتراجایا میں ملاقات کی۔ وزیراعظم کی آمد پر ایک سرکاری استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں انہیں پرتپاک انداز میں خوش آمدید کہا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، جن میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کی قیادت کی جانب سے اپنے اور وفد کے لیے مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔

اقتصادی، تجارتی و سٹریٹجک تعاون پر گفتگو
دونوں رہنماؤں نے اکتوبر 2024 میں وزیراعظم انور ابراہیم کے دورہ پاکستان کے بعد سے ہونے والی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔مذاکرات کے دوران خاص طور پر مندرجہ ذیل شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا گیا
انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن
حلال انڈسٹری
آٹوموٹیو اور الیکٹرانک مینوفیکچرنگ
گرین انرجی
اعلیٰ تعلیم اور سیاحت
موسمیاتی تبدیلی اور زراعت

دونوں ممالک نے پاکستان سے ملائیشیا کو حلال گوشت کی برآمدات کا کوٹہ 200 ملین امریکی ڈالرز تک بڑھانے پر بھی اتفاق کیا، جبکہ چاول کی برآمدات میں مقررہ کوٹہ سے تجاوز پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

عالمی و علاقائی امور پر تبادلہ خیال
دونوں وزرائے اعظم نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال، فلسطین کے مسئلے، اقوام متحدہ (UN) اور اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے کردار سمیت دیگر بین الاقوامی امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ ملائیشیا کے وزیراعظم نے پاکستان کے تعمیری کردار، خاص طور پر فلسطین کے مسئلے پر حمایت اور کشمیر کاز پر موقف کی سراہنا کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کو پاکستان کی آسیان کے ساتھ مکمل ڈائیلاگ پارٹنرشپ کے لیے حمایت پر شکریہ ادا کیا اور آسیان کی سربراہی سنبھالنے پر وزیراعظم انور ابراہیم کو مبارکباد دی۔

مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط اور کتاب رونمائیدونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) کے تبادلے کی تقریب میں شرکت کی، جن میں شامل ہیں:

سفارتکاروں کی تربیت
سیاحت
حلال سرٹیفیکیشن
اعلیٰ تعلیم
کرپشن اور بدعنوانی کی روک تھام
چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کا فروغ
اس موقع پر وزیراعظم انور ابراہیم کی قیادت پر مبنی کتاب “The Script” کی رونمائی بھی کی گئی، جس میں ان کے فکری و سیاسی تجربات کو بیان کیا گیا ہے

آخر میں ملائیشیا کے وزیراعظم کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کے اعزاز میں ایک ظہرانہ دیا گیا، جس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

Scroll to Top