غزہ کے محصور فلسطینیوں کیلئے امداد لے جانیوالے ’’گلوبل صمود فلوٹیلا‘‘ کا حصہ بننے والے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان آج پاکستان واپس پہنچیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اردن میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ مشتاق احمد خان کو اسرائیلی فورسز نے اس وقت حراست میں لیا تھا جب وہ دیگر کارکنان کے ہمراہ فلوٹیلا کے ذریعے غزہ کی جانب امداد لے جا رہے تھے۔
بیان کے مطابق، مشتاق احمد خان کو رہائی کے بعد بحفاظت پاکستان کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔ ان کی وطن واپسی کی تصدیق دفتر خارجہ کے ترجمان نے بھی کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اردن کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ ایمن الصفدی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور پاکستانی شہری کی واپسی کے لیے اردن کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ مشتاق احمد خان فلوٹیلا مشن میں بطور رضاکار شریک تھے، جس کا مقصد غزہ کے مظلوم عوام تک انسانی امداد پہنچانا تھا۔ اسرائیلی کارروائی کے دوران کئی عالمی کارکنوں کو حراست میں لیا گیا تھا، جن میں پاکستانی سابق سینیٹر بھی شامل تھے۔





