وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے انتخاب کے سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما انجنیئر امیر مقام سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران جنید اکبر نے کہا کہ ہم ماضی کی طرح باہمی مشاورت سے فیصلے کرنے کی امید لے کر آئے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ جن مسائل کا ملک سامنا کر رہا ہے ان کا حل اتفاق اور یکجہتی سے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں واضح اکثریت پی ٹی آئی کو حاصل ہے اور صوبے کی موجودہ صورتحال مزید سیاسی عدم استحکام کی متحمل نہیں ہو سکتی، پی ٹی آئی سہیل آفریدی کو بلامقابلہ وزیراعلیٰ منتخب کروانا چاہتی ہے۔
وفاقی وزیر انجنیئر امیر مقام نے ملاقات کے دوران کہا کہ صوبے کی روایات کے مطابق اپوزیشن کی جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی اور اس حوالے سے مرکزی قیادت سے مشورے کے بعد حتمی موقف اختیار کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے لیے چار اہم امیدوار میدان میں، کاغذات نامزدگی منظور
پی ٹی آئی وفد کی قیادت خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر خان کر رہے تھے، وفد میں اراکینِ قومی اسمبلی شیر علی ارباب، علی خان جدون، اور ڈاکٹر امجد کے علاوہ سابق صوبائی وزراء شوکت یوسفزئی، مشتاق غنی اور ریاض خان شامل تھے۔ اس کے علاوہ کبیر خان، ادریس خٹک، لائق خان، عرفان سلیم اور اکرام کھٹانہ بھی وفد کا حصہ تھے۔





