علی امین گنڈاپور کیس، پشاور ہائیکورٹ نے وفاق سے 14 روز میں رپورٹ طلب کرلی

پشاور، پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے 14 روز میں تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

درخواست کی سماعت ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ جسٹس سید ارشد علی اورجسٹس وقار احمد نے کی، سماعت کے دوران علی امین گنڈاپور کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کا نام ای سی ایل میں شامل کرلیا گیا ہے، جس کی وجہ سے وہ بیرون ملک سفر نہیں کرسکتے۔

وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ مؤکل کا نام ای سی ایل سے خارج کیا جائے تاکہ انہیں اپنے قانونی اور ذاتی امور کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی جا سکے۔

دورانِ سماعت ایف آئی اے کے نمائندے نے عدالت کو بتایا کہ علی امین گنڈاپور کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل ہے اور اس حوالے سے متعلقہ رپورٹ جلد جمع کرا دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : ٹک ٹاکر ثنا یوسف کیس میں اہم پیش رفت ہو گئی

عدالت نے تمام فریقین کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت سے قبل رپورٹ جمع کرائی جائے، پشاورہائیکورٹ نے کیس کی مزید سماعت رپورٹ موصول ہونے تک ملتوی کردی۔

Scroll to Top