نئی کابینہ بانی پی ٹی آئی کی مشاورت سے تشکیل دی جائیگی‘ اڈیالہ میں ملاقات کیلئے اجازت نہ ملنے پر سہیل آفریدی برہم

خیبرپختونخوا کے نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ صوبائی کابینہ کی تشکیل کا حتمی فیصلہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی کابینہ کی مبینہ فہرست جعلی ہے اور حکومت کی جانب سے ابھی تک کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے بتایا کہ وہ عمران خان سے ملاقات کے خواہشمند ہیں لیکن اڈیالہ جیل میں ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، جس پر وہ برہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک صوبے کا وزیراعلیٰ اپنے بانی سے ملنا چاہتا ہے مگر اجازت نہیں دی جا رہی، جو کہ جمہوری عمل کے خلاف ہے۔

خیبرپختونخوا حکومت نے وفاقی اور پنجاب حکومت کو مراسلہ ارسال کر کے سہولیات فراہم کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ ملاقات کے انتظامات کیے جا سکیں۔ صوبائی محکمہ داخلہ نے بھی وفاقی اور پنجاب سیکرٹری داخلہ کو باضابطہ خط بھیجا ہے۔

ذرائع کے مطابق سہیل آفریدی کا مؤقف ہے کہ کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے بانی چیئرمین کی ہدایات کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا اور تمام فیصلے تحریک انصاف کے اصولوں کے مطابق کیے جائیں گے۔

اسی دوران، وزیراعلیٰ نے پشاور ہائی کورٹ میں حفاظتی ضمانت کے لیے درخواست بھی دائر کر دی ہے جس میں مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے اور قبل از گرفتاری ضمانت کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست کی سماعت کے لیے جلد کارروائی کی درخواست بھی کی گئی ہے۔

Scroll to Top