کاشف الدین سید
پشاور: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-1 چترال میں ضمنی انتخاب کے لیے جاری کیا گیا انتخابی شیڈول پشاور ہائی کورٹ کے حکم کی روشنی میںمعطل کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے ضمنی الیکشن روکنے کے حکم کے بعد نوٹیفکیشن کو وقتی طور پر معطل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ حلقہ این اے-1 سے منتخب سابق رکن قومی اسمبلی عبداللطیف چترالی کی نااہلی کے خلاف دائر درخواست پر گزشتہ روز جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل بینچ نے سماعت کی تھی۔
دورانِ سماعت وکیل معظم بٹ ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ عبدالاکبر چترالی کو اے ٹی سی عدالت سے سزا سنائی گئی۔ الیکشن کمیشن نے درخواست گزار کو نااہل کیا اور اب حلقے میں ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کیا ہے۔
معظم بٹ ایڈووکیٹ نے بتایا کہ درخواست گزار نے گرفتاری دے دی ہے، ان کی سزا کے خلاف اپیل ابھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے۔
ایڈیشنل ڈی جی لاء الیکشن کمیشن خرم شہزاد نے عدالت کو بتایا کہ اس کیس کو اگلے ہفتے تک رکھ لیںہم اس میں دلائل دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : سہیل آفریدی کی ٹیم میں تبدیلی،سی این ڈبلیو کے پرائیوٹ سیکرٹری پی ایس او ٹو چیف منسٹر تعینات
بعد ازاں عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے این اے ون چترال میں ضمنی الیکشن پراسس کو روک دیا۔






