خطے کے تمام ممالک کیساتھ اچھے تعلقات برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں،ذبیح اللہ

خطے کے تمام ممالک کیساتھ اچھے تعلقات برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں،ذبیح اللہ

افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ افغانستان ایک خودمختار ریاست کے طور پر خطے اور بیرونی دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ بہتر اور متوازن تعلقات کا خواہاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان نہ کبھی کسی کے ہاتھوں کا آلہ کار بنا ہے، نہ بنے گا۔

افغان میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ افغانستان کی خارجہ پالیسی صرف قومی مفادات کی بنیاد پر مرتب کی جاتی ہے اور کسی تیسرے ملک کے دباؤ یا اثر و رسوخ میں آ کر فیصلے نہیں کیے جاتے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ افغانستان اور بھارت کے تعلقات آزاد اور خودمختار نوعیت کے ہیں اور ان کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سے افغانستان کے تعلقات کبھی بھی پاکستان کے خلاف نہیں رہے، اور نہ ہی آئندہ ایسا ارادہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کی خواہش ہے کہ خطے کے تمام ممالک بشمول پاکستان، بھارت، چین، ایران اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ باہمی احترام، عدم مداخلت اور خودمختاری کی بنیاد پر مضبوط سفارتی تعلقات قائم رہیں۔

ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ افغانستان ایک پرامن ریاست کے طور پر خطے میں استحکام، باہمی تعاون اور اقتصادی ترقی کا حامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان نہ صرف داخلی خودمختاری پر یقین رکھتا ہے بلکہ اپنے بین الاقوامی تعلقات میں بھی خودمختاری کو اولیت دیتا ہے۔

ترجمان نے امید ظاہر کی کہ عالمی برادری افغان حکومت کی خودمختاری، سلامتی اور داخلی فیصلوں کے احترام کو تسلیم کرے گی اور افغانستان کو خطے کا ایک خود مختار اور باوقار شراکت دار سمجھے گی۔

Scroll to Top