ڈی جی آئی ایس پی آر نے غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی، ٹوپی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے حالیہ پاک افغان سرحدی جھڑپ، سکیورٹی صورتحال اور سوشل میڈیا کے کردار پر تبادلہ خیال کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان نے افغانستان میں خوارج کی موجودگی کے خلاف مؤثر اقدامات کیے ہیں اور آئندہ بھی پاک فوج دشمن کی ہر جارحیت کا سیسہ پلائی دیوار کی طرح مقابلہ کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان قوم کا روشن مستقبل ہیں اور ملکی ترقی و خوشحالی میں ان کا کردار نہایت اہم ہے۔
دورہ کے دوران طلبہ اور اساتذہ نے شہداء و غازیانِ پاک افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ایسی مزید بامقصد نشستیں منعقد کی جانی چاہئیں تاکہ ملک میں پھیلے ہوئے ڈس انفارمیشن اور پروپیگنڈے کا خاتمہ کیا جا سکے۔
طلبہ نے پاک فوج کی دشمن کو دیے گئے بھرپور اور فیصلہ کن جواب پر فخر کا اظہار کیا اور ڈی جی آئی ایس پی آر سے سوالات کیے جن کے تفصیلی جوابات سے ان کے ذہنوں میں موجود ابہام دور ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ قوم پاک فوج کے امن کی کاوشوں اور ملکی ترقی میں کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
یہ دورہ نوجوانوں میں ملک کے دفاع اور سیکیورٹی چیلنجز کے حوالے سے آگاہی بڑھانے اور مثبت پیغام پہنچانے کا ذریعہ بنا۔





