اسلام آباد ہائی کورٹ نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ملاقاتوں کے احکامات پر فوری عملدرآمد کا حکم دے دیا ہے۔
عدالت نے ہدایت کی ہے کہ جو بھی فہرست سلمان اکرم راجہ دیں گے، ان افراد کی ملاقاتیں کرائی جائیں۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان سے ملاقات کی درخواستوں کی سماعت کے دوران سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے بتایا کہ عدالت نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرنے سے روکا تھا، تاہم ملاقات کے بعد باہر آکر میڈیا سے بات کی جاتی ہے۔ اس پر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عدالت نے کہا تھا کہ گیٹ پر میڈیا سے بات نہ کی جائے، مگر ایسا نہیں کہا گیا کہ منہ پر ٹیپ لگا دی جائے۔ ہم اڈیالہ جیل سے ڈیڑھ میل دور ہیں، وہاں بات کرتے ہیں۔
عدالت نے سلمان اکرم راجہ کو ہدایت کی کہ وہ گیٹ پر میڈیا سے بات نہ کریں بلکہ چیمبر میں یا شام کو کہیں بھی بات کر سکتے ہیں۔ یہ حکم ملاقاتوں کو باقاعدہ اور منظم طریقے سے یقینی بنانے کے لیے دیا گیا ہے تاکہ عمران خان سے ملاقاتوں میں رکاوٹ نہ آئے۔





