پشاور:خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاورکے زیرِ نگرانی ایم ڈی کیٹ 2025 کا امتحان 26 اکتوبر 2025 کو صوبے کے سات اضلاع پشاور، مردان، سوات، دیر لوئر، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان اور ایبٹ آباد میں بیک وقت منعقد ہوگا، جس میں کل 39 ہزار 981 امیدوار حصہ لیں گے۔
ایم ڈی کیٹ کے پرامن، شفاف اور مؤثر انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ، پولیس، ایف آئی اے،آئی بی، اسپیشل برانچ اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے سیکیورٹی اور انتظامی پلان پر مکمل عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔
پشاور میں امتحانی مراکز کے گرد و نواح میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بی آر ٹی سروس کے اوقات خصوصی طور پر صبح 6 بجے سے شروع ہوں گے تاکہ امیدوار بروقت امتحانی مراکز پہنچ سکیں۔
امتحان کے دوران شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے طلباء کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خالی جیب امتحانی مرکز میں حاضر ہوں اور کسی بھی زیورات، پرس، رقم یا غیر متعلقہ سامان کو ساتھ نہ لائیں۔ امیدوار کے پاس صرف شناختی کارڈ، فارم-ب (اگر شناختی کارڈ نہ ہو) اور رول نمبر سلپ ہونی چاہیے۔
امتحانی مراکز میں موبائل فون، اسمارٹ واچز، ایئربڈز، کیلکولیٹر یا کسی بھی قسم کے الیکٹرانک آلات لانے پر سخت پابندی ہوگی۔ تمام امتحانی مراکز میں خفیہ کیمرے، موبائل جیمرز، واک تھرو گیٹس، اسکینرز اور مانیٹرنگ ڈیوائسز نصب کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی غیر قانونی الیکٹرانک سرگرمی یا نقل کی کوشش کو روکا جا سکے۔
کے ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے کہا ہےکہ ایم ڈی کیٹ 2025 کے شفاف اور پرامن انعقاد کے لیے تمام ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ امتحان کے دوران کسی بھی غیر قانونی عمل یا بدنظمی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے والدین اور طلباء سے اپیل کی کہ وہ امتحانی قواعد و ضوابط پر مکمل عمل کریں اور امتحان کے دوران نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں تاکہ ایماندارانہ اور شفاف ماحول میں امتحان کا انعقاد ممکن بنایا جا سکے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کے امتحان میں کسی بھی غیر قانونی رسائی یا مدد سے گریز کریں۔
تمام طلباء و طالبات کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی رول نمبر سلپ پرنٹ کر کے ساتھ لازماً لائیں، بصورت دیگر انہیں امتحانی مرکز میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اگر کسی امیدوار کو رول نمبر سلپ ڈاؤن لوڈ کرنے میں دشواری پیش آئے تو وہ کے ایم یو ہیلپ لائن سے رابطہ کرے۔ رول نمبر سلپ پر امتحانی مرکز کا درست پتہ درج ہے، لہٰذا امیدوار اسے غور سے دیکھیں اور اسی مرکز میں بروقت پہنچیں۔ مقررہ وقت پر امتحانی مرکز پہنچنا لازمی ہے کیونکہ گیٹ مقررہ وقت کے بعد بند کر دیے جائیں گے۔
والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو امتحانی مرکز کے اندر پہنچانے کے بجائے سنٹر کے قریب ڈراپ کریں۔ امتحانی مراکز کے اطراف میں دفعہ 144 نافذ ہوگی اور کسی بھی غیر متعلقہ فرد یا گاڑی کو پارک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ پشاور میں بی آر ٹی استعمال کرنے والے امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ قریبی اسٹاپ سے پیدل امتحانی مرکز آئیں۔
اگر کسی امیدوار کے پاس امتحان میں مدد دینے والی کوئی بھی ممنوعہ اشیاء برآمد ہوئیں تو اس کا امتحان فوری طور پر منسوخ کر دیا جائے گا، اس کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی اور آئندہ ایم ڈی کیٹ دینے کی اجازت نہیں ہوگی۔
بیمار یا معذور امیدوار امتحان سے قبل اپنی حالت کے بارے میں انتظامیہ کو آگاہ کریں تاکہ انہیں مناسب سہولت فراہم کی جا سکے۔
سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر والدین اور سرپرستوں کو امتحانی مراکز کے اندر آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تمام امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دوپہر 1:30 بجے سے پہلے امتحانی مرکز سے باہر نہیں جا سکیں گے ۔





