ڈیرہ اسماعیل خان کی ضلعی انتظامیہ نے جرمانوں، ٹیکسوں اور دیگر محصولات کی وصولی کو آسان بنانے کیلئے ای فائنز پورٹل کا اجراء کردیا۔
ڈپٹی کمشنر سارہ رحمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ڈی آئی خان اتنظامیہ نے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو اپناتے ہوئے جرمانوں، ٹیکسوں اور دیگر متعلقہ محصولات کی وصولی کے لیے ایک مربوط پلیٹ فارم، ای فائنز پورٹل کا اجراکیا ہے۔
سارہ رحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ اس اقدام سے انتظامیہ اور ریونیو افسران کو ان کی وصولی کا حدف حاصل کرنے میں مدد ملے گی جبکہ مربوط نظام سے ضلع میں ٹیکسوں اور جرمانوں کی وصولی میں شفافیت کو بھی فروغ ملے گا۔
دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر پاروا نے بدھ کے روز اپنی تحصیل میں ای فائن پورٹل کے ذریعے پہلا جرمانہ جاری کرکے ایپلی کیشن کا باضابطہ استعمال شروع کیا۔
ڈی آئی خان کے ڈپٹی کمشنر نے اس بات کا اظہار کیا کہ یہ پیش رفت ڈیجیٹل تبدیلی کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس سے ضلع کے مالی عمل میں شفافیت اور کارکردگی دونوں میں اضافہ ہوا ہے۔