نادرا نے شہریوں کے لیے فیس جمع کرانے کے عمل کو مزید آسان اور جدید بنا دیا ہے اور اب شہری بغیر کسی اضافی چارج کے راست (Raast) کیو آر کوڈ کے ذریعے چند سیکنڈز میں اپنی فیس ادا کر سکیں گے۔
یہ سہولت ملک بھر میں فعال کر دی گئی ہے تاکہ ادائیگی کا عمل تیز، محفوظ اور کیش لیس ہو۔
نادرا کے ترجمان کے مطابق اب تمام مراکز سے جاری ہونے والی ٹوکن سلپس پر QR کوڈ شامل ہوگا، جسے شہری اپنے بینک کی موبائل ایپ یا کسی ڈیجیٹل والیٹ سے اسکین کر کے فوری ادائیگی کر سکتے ہیں۔ اس نئے نظام کے ذریعے شہری مراکز پر لمبی قطاروں سے بچ سکیں گے اور گھر بیٹھے یا موقع پر ہی فیس ادا کر سکیں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد عوام کو سہولت فراہم کرنے کے ساتھ نقدی کے استعمال میں کمی لانا اور ادائیگی کے عمل کو شفاف بنانا ہے۔ نیا نظام تمام نادرا مراکز پر باقاعدہ طور پر نافذ کر دیا گیا ہے۔
اسی دوران نادرا نے اکتوبر 2025 کے لیے شناختی کارڈ اور اسمارٹ آئی ڈی کارڈز کی فیسوں میں بھی تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔
نئے فیس شیڈول کے مطابق CNIC تجدید کی فیس 400 روپے، فوری سروس 1,150 روپے جبکہ ایگزیکٹو سروس کی فیس 2,150 روپے مقرر کی گئی ہے۔
اسمارٹ آئی ڈی کارڈ کی فیس تین زمروں میں تقسیم کی گئی ہے، جن میں نارمل سروس 750 روپے (31 دن میں مکمل)، فوری سروس 1,500 روپے (15 دن میں مکمل) اور ایگزیکٹو سروس 2,500 روپے (9 دن میں مکمل) شامل ہیں۔
نادرا حکام کے مطابق نیا ڈیجیٹل ادائیگی نظام شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ادارے کے کام کے معیار اور شفافیت میں بھی اضافہ کرے گا۔ اس سے نہ صرف فیس جمع کرانا آسان ہوگا بلکہ عوامی خدمات کی فراہمی بھی مزید مؤثر بنائی جا سکے گی۔





