سپریم کورٹ میں عمر ایوب اور شبلی فراز کی نااہلی کی اپیلیں واپس، عمر ایوب کی نشست پر اہلیہ الیکشن لڑیں گی۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے آئینی بنچ میں عمر ایوب اور شبلی فراز کی نااہلی سے متعلق اپیلوں پر سماعت ہوئی۔ جج امین الدین کی سربراہی میں 5 رکنی آئینی بنچ نے کیس کی سماعت کی، جبکہ عمر ایوب اور شبلی فراز کی جانب سے بیرسٹر گوہر عدالت میں پیش ہوئے۔
عمر ایوب نے سپیکر اور الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشنز کو چیلنج کیا تھا، تاہم ان کی جانب سے درخواستیں واپس لے لی گئیں۔ اسی طرح شبلی فراز نے چیئرمین سینیٹ کے نوٹیفکیشن کے خلاف اپیل واپس لے لی۔
عدالت نے شبلی فراز کی الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے خلاف اپیل پر نوٹسز جاری کر دیے اور کیس کی سماعت 29 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔
بیرسٹر گوہر نے عدالت میں بتایا کہ عمر ایوب کی نشست پر ان کی اہلیہ الیکشن لڑیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائد حزب اختلاف کی ڈی نوٹیفکیشن کے خلاف اپیل بھی واپس لے لی گئی ہے اور محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری ہو چکا ہے۔





