نیب کا یہ اختیار نہیں کہ وہ میرے خاندان سے متعلق پوچھ گچھ کرے ، ڈاکٹر امجد علی

شاہد جان
پشاور :سابق صوبائی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر امجد علی نے نیب کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹسز کو غیر قانونی اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے شدید ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔

ڈاکٹر امجد علی نے پختون ڈیجیٹل سے گفتگو میں کہا کہ نیب کا یہ اختیار نہیں کہ وہ میری سرکاری ملازمتوں یا میرے خاندان کے 18 افراد سے متعلق معلومات حاصل کرے۔

ان کے بقول نیب نے بغیر کسی قانونی جواز کے 12 سے زائد نوٹسز جاری کیے ہیں جن میں بے بنیاد الزامات لگائے گئے ہیں۔

سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ نیب کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف قانونی راستہ اختیار کریں گے، کیونکہ ان کے مطابق یہ کارروائیاں صرف سیاسی انتقام پر مبنی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ صوبائی اسمبلی کے اسپیکر نے ڈی جی نیب کو کل اسمبلی سیکرٹریٹ میں طلب کر لیا ہے تاکہ ان سے ان الزامات کے بارے میں وضاحت لی جا سکے۔

ڈاکٹر امجد علی نے کہا اسپیکر نے معاملے کا نوٹس لیا ہے، کل ڈی جی نیب سے تفصیلی پوچھ گچھ کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : بلاول اورمولانا فضل الرحمان کی ملاقات ،کن نکات پر اتفاق ہوا؟ اندرونی کہانی سامنے آگئی

انہوں نے مزید کہا کہ اگر نیب کے پاس کوئی ثبوت ہے تو وہ عدالت میں پیش کرے، میڈیا ٹرائل یا خاندان کو ہدف بنانا کسی بھی طرح جائز نہیں۔

ذرائع کے مطابق اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے اس معاملے پر ڈی جی نیب سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے، جس کے بعد مزید کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔

Scroll to Top