پاکستان اور سعودی عرب کا اقتصادی تعاون کا فریم ورک شروع کرنے پر اتفاق

ریاض: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے درمیان ریاض میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون کا نیا فریم ورک شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان تقریباً آٹھ دہائیوں پر محیط تاریخی، برادرانہ اور اسلامی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی علامت قرار دیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اقتصادی تعاون کے اس فریم ورک کے تحت دونوں ممالک باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں کو فروغ دینے پر کام کریں گے۔ اس سلسلے میں توانائی، صنعت، کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت، زراعت اور غذائی تحفظ جیسے شعبوں کو ترجیح دی جائے گی۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب پہلے ہی متعدد مشترکہ اقتصادی منصوبوں پر تعاون کر رہے ہیںجن میں بجلی کی ترسیل کے منصوبے اور توانائی کے شعبے میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط شامل ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ فریم ورک دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں پائیدار شراکت داری کی بنیاد رکھے گا اور باہمی مفادات کے حصول کے لیے مشترکہ وژن کی عکاسی کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں : استنبول مذاکرات کی ناکامی، افغان طالبان حکومت کے اندرونی اختلافات یا بھارت کی خفیہ ہدایات، مودی سرکار کی مداخلت سامنے آگئی

ملاقات میں اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب قریبی تعاون جاری رکھیں گے اور جلد سعودی-پاکستانی سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے اجلاس کے انعقاد کے منتظر ہیں۔

Scroll to Top