تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس، اندرونی کہانی سامنے آگئی

شیراز احمد شیرازی
پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس صرف سنٹرل پنجاب کے معاملے پر مرکوز رہا۔

ذرائع کے مطابق احمد چٹھہ اور بلال ورک کی تبدیلی کا فیصلہ سلمان اکرم راجہ نے دیا۔ پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر نے اجلاس میں سلمان اکرم راجہ کے میسیجز بھی دکھائے۔

عالیہ حمزہ نے اجلاس کو بتایا کہ سلمان اکرم راجہ تین ماہ سے انہیں ہٹانا چاہتے تھے اور انہوں نے پہلے اس کی مخالفت بھی کی تھی۔

عالیہ حمزہ نے سلمان اکرم راجہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سنٹرل پنجاب میں لاہور کی طرح کا فیصلہ لانا چاہتے تھے۔ دو ہفتوں سے تمام لوگ مجھے برا بھلا کہہ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نئی تعیناتی بانی تحریک انصاف کی اجازت کے بعد کی گئی۔ میں نے بانی تحریک انصاف کے حکم پر عمل کیا۔ احمد چٹھہ اور بلال ورک سے کوئی ذاتی رنجش یا مخالفت نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق عمر ڈار نے علی امتیاز کو بطور سنٹرل صدر مقرر کرنے پر اعتراض کیا اور کہا کہ علی وڑائچ کو سنٹرل پنجاب کا صدر تعینات کرنا ان کے راستے میں رکاوٹ ہے۔

چیف آرگنائزر پنجاب نے کہا کہ میرے لیے بانی تحریک انصاف کے احکامات پر عمل لازمی ہے۔ احمد چٹھہ ہوں یا بلال اعجاز، علی وڑائچ ہوں یا دیگر، پارٹی میں سب برابر ہیں۔ پارٹی بانی کی ہے، جسے جہاں لانا چاہیں، لے آئیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں بانی کے پیغامات پہنچانے والوں کے حوالے سے بھی اعتراضات اٹھائے گئے۔

عالیہ حمزہ نے کہاکہ پارٹی ایس او پیز بنائے تاکہ واضح ہو کہ کس کے ذریعے آنے والے پیغام پر عمل کرنا ہے اور کس کے نہیں۔

یہ بھی پڑھیں : آپ کو کیوں نکالاگیا؟ سابق وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے وضاحت کردی

کمیٹی کے ارکان نے کہا کہ انکوائری کی جائے کہ کون بانی کا پیغام باہر بھیج کر غلط پیش کر رہا ہے۔

Scroll to Top