واٹس ایپ نے ایپل واچ کے لیے نیا ایپ ورژن متعارف کرانے کی آزمائش شروع کردی۔
مشہور انسٹنٹ میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ نے ایپل واچ کے لیے ایک نیا ایپ ورژن ٹیسٹنگ کے مرحلے میں داخل کر دیا ہے۔
واٹس ایپ بیٹا انفو کے مطابق اس نئی ایپ کی مدد سے ایپل واچ صارفین اپنی چیٹ لسٹ میں پیغامات اور میڈیا فائلز دیکھ سکیں گے، جبکہ نوٹیفکیشن کا انتظار کیے بغیر نئے میسجز بھی بھیجنے کی سہولت حاصل ہوگی۔
اس کے ساتھ ساتھ صارفین ایموجیز کے ذریعے ری ایکشنز بھی دے سکیں گے۔
مزید یہ کہ اس ایپ میں آڈیو میسجز بھیجنے اور وائس ان پُٹ کے ذریعے پیغامات لکھوانے کا فیچر بھی شامل ہے۔
تاہم اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے ایپل واچ کا آئی فون سے منسلک ہونا ضروری ہوگا۔
دلچسپی رکھنے والے صارفین اس ورژن کو iOS کے لیے واٹس ایپ کے بیٹا ورژن 25.32.10.71 انسٹال کرکے استعمال کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : واٹس ایپ میں نئے فیچر کا اضافہ
دوسری جانب واٹس ایپ جلد اپنے تمام صارفین کے لیے پروفائل کور فوٹو سیٹ کرنے کی سہولت متعارف کرانے والا ہے جو اس سے قبل صرف واٹس ایپ بزنس صارفین کے لیے دستیاب تھی۔
ویبیٹا انفو کے مطابق نئی اپ ڈیٹ میں صارفین اپنے پروفائل سیٹنگز کے ذریعے کور فوٹو اپ لوڈ کر سکیں گے، بالکل ویسے ہی جیسے فیس بک یا لنکڈ اِن پر کور فوٹو سیٹ کی جاتی ہے۔ منتخب تصویر صارف کے پروفائل کے اوپر نظر آئے گی، جس سے پروفائل کو زیادہ ذاتی اور منفرد انداز ملے گا۔
واٹس ایپ میں کور فوٹو کے لیے پرائیویسی سیٹنگز بھی شامل کی جا رہی ہیں، جن میں “مائی کانٹیکٹس”، “نو باڈی” اور “ایوری ون” کے آپشنز موجود ہوں گے۔ اگر صارف “ایوری ون” منتخب کرے تو کور فوٹو سب کو نظر آئے گا، مائی کانٹیکٹس کی صورت میں یہ صرف محفوظ نمبرز تک محدود رہے گا، جبکہ “نو باڈی” کا مطلب ہے کہ کور فوٹو مکمل طور پر پوشیدہ رہے گا۔
یہ فیچر فی الحال واٹس ایپ بیٹا ورژن 2.25.32.2 میں ٹیسٹنگ کے مراحل میں ہے، جو گوگل پلے بیٹا پروگرام پر دستیاب ہے۔
تمام صارفین کے لیے یہ فیچر ابھی فعال نہیں لیکن اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ میٹا کی ملکیت والی کمپنی واٹس ایپ کو زیادہ ذاتی اور پرکشش بنانے کے لیے نئے فیچرز پر کام کر رہی ہے۔ نئے فیچر کے باضابطہ اجرا کے بعد، صارفین اپنے پروفائل کو کور امیجز کے ذریعے مزید دلکش انداز میں پیش کر سکیں گے۔





