کراچی: پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے ملک میں نئے ہوائی اڈوں کے قیام اور موجودہ ایئرپورٹس کی توسیع و ترقی کے حوالے سے ایک اہم اسٹیک ہولڈرز اجلاس کراچی میں منعقد کیا۔
اجلاس پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ ڈائریکٹوریٹ میں ہوا۔
ترجمان پی اے اے کے مطابق اجلاس میں پی آئی اے، ایئر سیال، ایئر بلیو، سرین ایئر اور فلائی دبئی کے نمائندوں کے علاوہ متعلقہ محکموں اور ماہرین نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈیرہ اسماعیل خان اور میرپور (آزاد جموں و کشمیر) میں نئے گرین فیلڈ ایئرپورٹس کے قیام کی تجاویز زیرِ غور آئیں، جبکہ ڈیرہ غازی خان ایئرپورٹ کی اپ گریڈیشن پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے کنسلٹنٹس نے فزیبلٹی اسٹڈیز، مسافروں کی نقل و حرکت اور فضائی ٹریفک کے ممکنہ رجحانات پر تجزیاتی رپورٹس پیش کیں۔
ایئرلائنز کے نمائندوں نے چھوٹے ہوائی اڈوں کے قیام سے بڑے شہروں کے ایئرپورٹس پر دباؤ میں کمی اور علاقائی فضائی رابطوں میں بہتری کے امکانات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں : سرحدی خلاف ورزی کی صورت میں پاکستان کی جوابی کارروائی زیادہ مضبوط ہوگی, طلال چوہدری
شرکاء نے کہا کہ ایسے منصوبے نہ صرف ملک کے مختلف حصوں کو جوڑیں گے بلکہ معیشت اور سیاحت کے فروغ میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے کہا کہ فزیبلٹی کی بنیاد پر متوازن اور قابلِ عمل منصوبہ بندی کی جائے گی اور تمام اسٹیک ہولڈرز اور ماہرین سے مشاورت کا سلسلہ جاری رہے گا۔
ترجمان کے مطابق ہوابازی کے شعبے کی پائیدار ترقی اور ملکی ضروریات کے مطابق جدید فضائی ڈھانچہ تیار کرنا اتھارٹی کی ترجیح ہے۔





