27 ویں ترمیم کے بعد بلاول بھٹو کے پاس وزیراعظم بننے کا بہترین موقع، فیصل واوڈا

اسلام آباد: سینئر سیاسی رہنما اور سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ 27 ویں ترمیم کے بعد بلاول بھٹو زرداری کے پاس وزیراعظم بننے کا بہترین موقع موجود ہوگا۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ پہلے ہی کہا تھا کہ 27 ویں ترمیم آئے گی اور اس کے بعد آسانی سے پاس بھی ہو جائے گی۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹرینز کا کام ہی قانون سازی کرنا ہے، اور اگر 77 سال کی عمر میں سیاستدان کام کر سکتے ہیں تو ججز، پولیس اور فوج میں بھی افراد ملک کی ضرورت کے مطابق خدمات انجام دیں۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ 27 ویں ترمیم کے بعد 26 ویں ترمیم کے خلاف دائر کی گئی درخواستیں غیر متعلقہ ہو جائیں گی اور ملک میں آئینی عدالت کی ضرورت ہے۔

سینیئر رہنما نے آصف زرداری کو سیاسی چال کے ماہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے پاس وزیراعظم بننے کا یہ بہترین موقع ہے۔

علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے معاملات وفاق کو دیکھنے چاہئیں اور پورے ملک میں ایک مربوط تعلیمی نظام کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں : 27 ویں ترمیم پر ابھی مشاورت کا آغاز، اتفاق رائے کے بغیر کوئی آئینی ترمیم نہیں ہوگی، رانا ثنا

دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ 27 ویں ترمیم کو ایک بڑی ہنگامہ خیز صورت میں پیش کیا جا رہا ہے، حالانکہ اس پر ابھی مشاورت کا عمل شروع ہوا ہے۔

ان کے مطابق کسی بھی آئینی ترمیم پر اتفاق رائے کے بغیر عملدرآمد نہیں کیا جائے گا۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ بلاول بھٹو نے جو نکات اٹھائے، ان میں سے زیادہ تر موضوعات پہلے ہی زیر بحث ہیں اور ان پر کئی ماہ سے بات چیت جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اتحادی جماعتوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد ہی حتمی موقف سامنے لایا جائے گا۔

رانا ثنااللہ نے یہ بھی کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے لیے بہتر ہوگا کہ وہ ایسی مشترکہ دستاویز تیار کریں جس پر سب کا اتفاق ہو۔

ان کے الفاظ میںترمیم کے معاملے میں کوئی جمہوریت کے لیے خطرہ نہیں ہے اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری رہے گی۔

وزیر اعظم کے مشیر نے میثاق جمہوریت کے حوالے سے بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کا موقف ہمیشہ یہی رہا ہے کہ آئینی عدالت قائم ہونی چاہیے تاکہ معاملات پائیداری کے ساتھ چل سکیں۔

Scroll to Top