وزیر اعظم شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں واقع کیڈٹ کالج پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کی تعریف کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ دو حملہ آور دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ بزدل دشمن نے ایک بار پھر تعلیمی ادارے کو نشانہ بنانے کی ناکام کوشش کی، مگر سیکیورٹی فورسز کا غیر متزلزل عزم دہشت گردوں کے ناپاک منصوبوں کو ناکام بناتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی فورسز سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہیں اور پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔
وزیر اعظم نے یہ بھی واضح کیا کہ حکومت ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے کالج کے مین گیٹ کو دھماکہ خیز گاڑی کے ذریعے تباہ کرنے کی کوشش کی تاکہ طلبہ میں خوف و ہراس پیدا کیا جا سکے، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنایا اور طلبہ و کالج عملے کو محفوظ رکھا۔
یہ کارروائی سیکیورٹی فورسز کی مہارت اور حوصلے کا منہ بولتا ثبوت ہے، جس نے دہشت گردوں کے منصوبے کو ناکام بنا کر تعلیمی ادارے کی حفاظت یقینی بنائی۔
یہ بھی پڑھیں : جنوبی وزیرستان،سکیورٹی فورسز نے کیڈٹ کالج وانا پر فتنہ الخوارج کا حملہ ناکام بنا دیا
سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان لوئر کے وانا کیڈٹ کالج پر فتنہ الخوارج کا حملہ ناکام بنا دیا ۔
ذرائع کے مطابق فتنہ خوارج کے عناصر نے کیڈٹ کالج وانا کے داخلی دروازے پر خودکش دھماکہ اور مسلح حملے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق 4 سے 5 دہشتگرد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ آپریشن علاقے میں ابھی بھی جاری ہے۔
کیڈٹ کالج وانا ایک ایسا ادارہ ہے جو مقامی قبائل کی درخواست پر قائم کیا گیا اور یہاں محسود اور وزیر قبائل کے بچے بڑی تعداد میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
یہ کالج علاقے کے نوجوانوں کو اعلیٰ معیار کی تعلیم فراہم کر رہا ہے اور اس کے فارغ التحصیل طلبہ ملک کے اہم اور اعلیٰ عہدوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔





