بھارت کو شکست دے سکتے ہیں تو یہ مٹھی بھر دہشتگرد کیا چیز ہیں، گورنر کے پی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ اگر ہم اپنے بڑے دشمن بھارت کو شکست دے سکتے ہیں تو یہ مٹھی بھر دہشتگرد کیا چیز ہیں۔

گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں امن کے قیام کے لیے ایک بڑا جرگہ بھی کیا گیا اور صوبے نے دہشتگردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔

گورنر نے مزید کہا کہ ہم اپنی تمام سیاسی جماعتوں کی قدر کرتے ہیں اور صوبے میں امن و استحکام کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔

وزیر صحت کے ساتھ حالیہ ملاقات کے حوالے سے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وکلا کے جو تحفظات ہیں، اس حوالے سے وزیر صحت سے بات ہوئی ہے اور وزیر صحت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وکلا کے تمام جائز تحفظات کو دور کیا جائے گا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے امن، تعاون اور دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ میں عوام کی حمایت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا ہمیشہ دشمنوں کے خلاف متحد اور مضبوط موقف اختیار کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: گورنر خیبرپختونخواکا پمز ہسپتال اسلام آباد کا دورہ، زخمیوں کی عیادت کی

واضح رہے گزشتہ روز گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پمز ہسپتال اسلام آباد کا دورہ کیا اور اسلام آباد کچہری بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی۔

گورنر خیبرپختونخوا زخمیوں کے وارڈز میں گئے، دھماکے سے متاثرہ افراد سے الگ الگ ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔

ہسپتال انتظامیہ نے گورنر کو زخمیوں کو فراہم کی جانے والی علاج معالجے کی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

فیصل کریم کنڈی نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور دھماکے کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ بےگناہ افراد کا ناحق خون بہانے والے انسانیت کے دشمن ہیں، انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے اور دہشتگرد عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔

Scroll to Top