دبئی: دبئی کے المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جاری ایئر شو 2025 میں پاکستان کا تھنڈر طیارہ JF-17 نے شائقین اور ماہرین کی توجہ حاصل کر لی۔
ایئر شو میں دنیا بھر کی فضائی اور دفاعی صنعت کی نمایاں شخصیات شریک ہیں، جبکہ تقریباً 15 سو کمپنیوں، ایک لاکھ 48 ہزار وزیٹرز، 115 ممالک کے 490 سرکاری و نجی وفود اور 200 سے زائد طیارے اس ایونٹ میں شامل ہیں۔
پاکستان کے JF-17 طیارے نے شاندار فضائی کرتب اور اپنی مہارت سے شرکاء کو متاثر کیا۔
ایئر شو میں موجود لوگ پاکستانی تھنڈر طیارے کے ساتھ تصاویر بنوا رہے تھے اور اس کی خصوصیات کے بارے میں معلومات حاصل کر رہے تھے۔
ایئر شو میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے طیارے ایک دوسرے کے قریب ڈسپلے میں کھڑے رہے، جس نے شائقین اور ماہرین کی خاص توجہ حاصل کی۔
پانچ روزہ اس ایونٹ میں عالمی سطح پر دفاعی معاہدے، نئی ٹیکنالوجیز کے لانچز اور فلائنگ ڈسپلے جاری رہیں گے۔
پاکستان کے JF-17 نے ایک بار پھر ملک کا نام روشن کیا اور عالمی فضائی برادری میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : دبئی ایئر شو 2025 :بھارتی جنگی طیارے کا آئل لیک، ویڈیو وائرل
جبکہ دوسری جانب دبئی ایئر شو 2025 کے دوران بھارت کے جدید فائٹر طیارے تیجاس میں آئل لیک ہونے کا واقعہ پیش آیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور بھارتی فضائیہ کی تیاریوں پر سوالات اٹھ گئے۔
ایئر شو میں شرکت کے لیے پہنچنے والے بھارتی طیارے تیجاس کے آئل لیک ہونے کے بعد فضائیہ کے تکنیشنز نے فوری طور پر بیگز کا استعمال کرتے ہوئے رساؤ روکنے کی کوشش کی۔
یہ طیارہ بھارت کی جانب سے بڑے دعووں کے ساتھ ایئر شو میں پیش کیا گیا تھا، تاہم اس واقعے نے طیارے کی کارکردگی پر شکوک پیدا کر دیے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھارتی اہلکار رساؤ کو بیگز میں بھرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے طنزیہ انداز میں تبصرے کیے اور کہا کہ بھارت کا جنگی جہاز شاپنگ بیگز کے سہارے کھڑا ہے۔





