پشاورفیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز پر دہشتگردوں کا حملہ، مرکزی گیٹ پر دھماکہ ،علاقے میں فائرنگ،شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا ۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز پر آج دہشتگردوں نے اچانک حملہ کر دیا، جس کے ساتھ ہی مرکزی گیٹ پر زور دار دھماکہ ہوا۔ دھماکے کے بعد علاقے میں فائرنگ کی آوازیں مسلسل سنائی دیتی رہیں، جس سے آس پاس کے علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا جبکہ فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز کی طرف جانے والے تمام راستے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق فورسز کی جانب سے جوابی کارروائی جاری ہے جبکہ دہشتگردوں کی تعداد اور ممکنہ نقصانات سے متعلق معلومات جمع کی جارہی ہیں۔
شہر میں سیکیورٹی صورتِ حال اس وقت کشیدہ ہوگئی جب دہشتگردوں نے فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹرز پر حملہ کر دیا۔ حملے کی باقاعدہ تصدیق سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید نے کی ہے۔
سی سی پی او کے مطابق حملے کے بعد سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر صدر روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی اضافی نفری علاقے میں تعینات کر دی گئی ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرزکی سمت سے فائرنگ کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ جائے وقوعہ کے قریب نہ جائیں۔
سیکیورٹی اداروں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جائے وقوعہ کے قریب نہ جائیں اور افواہوں پر کان نہ دھریں۔





