دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اپنی ایپ گوگل میپس میں اہم تبدیلیاں متعارف کروا دی ہیں۔
گوگل میپس میں تبدیلیوں کے بعد صارفین اب صرف اپنی آواز کے ذریعے راستے اور ٹریفک کی تفصیلات معلوم کر سکیں گے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹس کے مطابق گوگل نے میپس کو روایتی نقشے سے بڑھا کر ایک ایسے سمارٹ اسسٹنٹ کی شکل دے دی ہے جو سفر کے دوران مختلف کاموں میں مدد فراہم کرے گا۔
نئے فیچرز کے ساتھ اب آپ بغیر فون ہاتھ میں لیے صرف بول کر قریب ترین ہسپتال، پیٹرول پمپ یا پارکنگ والی جگہ تلاش کر سکتے ہیں، بس ایک سادہ سا کمانڈ دیں اور گوگل فوری طور پر مطلوبہ جگہ دکھا دے گا۔
راستہ بتانے کے انداز میں بھی بہتری لائی گئی ہے، اب ہدایات میں مشہور مقامات یا عمارتوں کا حوالہ دیا جائے گا، اس سے نئے یا پیچیدہ راستوں کو سمجھنا کافی آسان ہو جائے گا۔
اگر سفر کے دوران ٹریفک جام، سڑک کی بندش یا کسی حادثے کا سامنا ہو تو صارف صرف آواز کے ذریعے رپورٹ کر سکتا ہے، جس کے بعد گوگل میپس دیگر گاڑی چلانے والوں کو بھی بروقت آگاہ کرے گا۔
اس اپڈیٹ کے اہم فائدوں میں ڈرائیونگ کے دوران موبائل ہاتھ میں رکھنے کی ضرورت کا خاتمہ، زیادہ محفوظ سفر، اجنبی جگہوں میں آسان نیویگیشن اور ٹریفک کی تازہ ترین معلومات کی بنیاد پر بہتر منصوبہ بندی شامل ہیں۔
دوسری جانب یہ شکایات بھی سامنے آرہی ہیں کہ گوگل میپس پر مکمل بھروسہ بعض صارفین کے لیے خطرناک ثابت ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گوگل میپ پر اندھا انحصار، سیاح خاتون دھوکہ کھا گئی
بھارت اور دیگر ممالک میں نقشے پر دی گئی غلط یا نامکمل معلومات کی وجہ سے کئی حادثات پیش آئے ہیں جس سے صارفین کے لیے بعد از وقت مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔





