رہنما تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ مینڈیٹ چھیننے کی کوشش جمہوری عمل کیخلاف ہے، اگر ہمت ہے تو کر کے دیکھ لیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کی خبریں کوئی نئی بات نہیں، علی امین گنڈاپور کے عہدہ چھوڑنے سے پہلے بھی اس طرح کی باتیں سامنے آتی رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں بھی کچھ حلقے مخصوص ایجنڈے کے تحت یہ معاملہ دوبارہ اٹھا رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ گورنر راج کی یہ بحث دراصل صوبے کے وزیراعلیٰ کو دباؤ میں لانے کی کوشش ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کچھ عناصر وزیراعلیٰ کو مرعوب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ سیاسی فائدہ حاصل کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعلیٰ کے خلاف منشیات یا دیگر الزامات کے ثبوت موجود ہیں تو انہیں سامنے لایا جائے۔ بغیر ثبوت کے سنگین الزامات لگانا سیاسی طور پر درست طرزِ عمل نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اس نوعیت کے الزامات لگائے جا رہے ہیں تو خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ کو ہتکِ عزت کا دعویٰ دائر کرنا چاہیے، تاکہ جھوٹے پروپیگنڈے کا خاتمہ ہو سکے۔
شیخ وقاص اکرم نے خبردار کیا کہ اگر کسی پارٹی کے مینڈیٹ کو چھیننے کی کوشش کی گئی تو یہ ملک کے سیاسی ماحول کے لیے منفی ہوگا۔ انہوں نے چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ ’’اگر یہ لوگ ایسا کرنا چاہتے ہیں تو کر کے دیکھ لیں، یہ مناسب اور جمہوری طریقہ نہیں۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کے مینڈیٹ میں مداخلت یا دباؤ ڈالنے کی کوششیں پہلے بھی ہوتی رہی ہیں اور اب بھی بعض سیاسی قوتیں اسی سمت میں کام کر رہی ہیں، لیکن عوامی مینڈیٹ کا احترام ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تنازعات کا حل مذاکرات میں ہے، اسلامی ممالک ثالث بنیں، افغان سفیر کا بیان





