اسلام آباد: جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ (جولائی تا نومبر 2025) میں ملک میں گاڑیوں کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 33 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں 102 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
پاکستان آٹومینوفیکچررز ایسوسی ایشن (PAMA) کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی تا نومبر 2025 کے دوران ملک میں 851,083 یونٹس گاڑیاں فروخت ہوئیں، جو پچھلے مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 33 فیصد زیادہ ہیں، جب 640,929 یونٹس کی فروخت ہوئی تھی۔
نومبر 2025 میں ملک بھر میں 185,388 یونٹس گاڑیوں کی فروخت ہوئی، جو اکتوبر کے 185,466 یونٹس کے مقابلے میں تقریباً 1 فیصد کم رہی، تاہم پچھلے سال نومبر کے 134,403 یونٹس کے مقابلے میں 38 فیصد زیادہ ہے۔
کاروں کی فروخت میں بھی زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا، مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں 55,112 یونٹس کاریں فروخت ہوئیں، جو پچھلے مالی سال کی اسی مدت میں فروخت ہونے والی 38,534 یونٹس کے مقابلے میں 43 فیصد زیادہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں ایم جی نے بنگو ای وی الیکٹرک کار کی قیمت کا اعلان کر دیا
اس دوران ملک میں 127 الیکٹرک گاڑیاں فروخت ہوئیں، جو پچھلے مالی سال کے اسی عرصے میں 63 یونٹس کے مقابلے میں 102 فیصد اضافے کی عکاسی کرتی ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ شہری اب ماحول دوست اور جدید ٹیکنالوجی کی حامل گاڑیوں کی جانب زیادہ راغب ہو رہے ہیں۔
اس اضافہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک میں آٹو سیکٹر میں طلب میں بہتری آئی ہے، جبکہ الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں دوہرا اضافہ مستقبل میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کی بڑھتی مقبولیت اور سرمایہ کاری کے مواقع کی نشاندہی کرتا ہے۔
مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے اعدادوشمار کے مطابق پاکستان کا آٹو سیکٹر مضبوط بحالی کے مرحلے میں ہے، اور مارکیٹ میں گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی فروخت ملک کی اقتصادی ترقی میں ایک مثبت اشارہ ہے۔





