سابق وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا اور تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف فرضی مقدمات میں سزائیں دینا پاکستان میں قانون کی موت کا واضح اشارہ ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ عوام نے اپنے حقوق اور آئینی انصاف کے لیے فیصلہ سنا دیا ہے اور واضح پیغام دیا ہے کہ وہ ناانصافی کو ہرگز قبول نہیں کریں گے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عوام نے اپنے ووٹ اور رائے کے تحفظ کے لیے سڑکوں پر اپنا عزم ظاہر کیا ہے اور یہ ثابت کیا ہے کہ انہیں انصاف اور آئین کی بالا دستی پر مکمل یقین ہے۔
گنڈاپور نے مزید کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف فرضی مقدمات میں سزائیں دینا پاکستان میں قانون کی موت کا واضح اشارہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جعلی مقدمات نے نہ صرف قیادت کو نقصان پہنچایا ہے بلکہ ملک کے نظام کی خامیوں اور کمزوریوں کو بھی بے نقاب کیا ہے۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ایک ریاست جو ناانصافی پر قائم ہو، اس کا زوال یقینی ہے، یہ فیصلے کسی فرد کے خلاف نہیں بلکہ آئین، عدل اور عوامی اعتماد کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ بتاتی ہے کہ ظلم عارضی ہوتا ہے اور سچ اور انصاف ہمیشہ غالب رہتے ہیں، ناانصافی کے خلاف یہ آواز دبائی جا سکتی ہے مگر اسے ختم نہیں کیا جا سکتا۔
یہ بھی پڑھیں: عدالت نے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے وارنٹ جاری کر دیے
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ اس احتجاجی تحریک میں عوام کی حمایت کو دیکھتے ہوئے انہیں یقین ہے کہ پاکستان میں انصاف اور آئین کی بالا دستی یقینی ہوگی۔





