محمودخان اچکزئی تحریک انصاف کے سوشل میڈیا پر برس پڑے

Pakistan SCO Summit 2026

تحریک تحفظ آئین کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ گزارش ہے خاص طور پر تحریک انصاف کے سوشل میڈیا سے وابستہ افراد سے، چاہے وہ انگلینڈ میں ہوں یا کہیں اور ایک حد کے اندر رہیں ،کسی کی بہنوں اور بیٹیوں کی بے عزتی نہ کریں۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ میں تحریک انصاف میں نہیں ہوں لیکن پھر بھی ایک درخواست کرتا ہوں۔ میں سوشل میڈیا کم دیکھتا ہوں، حتیٰ کہ میرے پاس ابھی تک موبائل فون بھی نہیں ہے، لیکن جو چیزیں سامنے آتی ہیں وہ اچھی نہیں لگتیں۔ خاص طور پر خواتین کے خلاف زبان استعمال کرنا قابل افسوس ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے آج ایک چیز پڑھی تھی مجھے اچھا نہیں لگا،ہماری بھی مائیں ہیں، ہماری بھی بہنیں ہیں اور ہماری بھی بیٹیاں ہیں۔ سیاسی اختلافات کو گھروں کی چار دیواری تک نہیں لے جانا چاہیے کیونکہ چار دیواری کے اندر ہماری عزت ہوتی ہے، ہماری پردہ دار خواتین ہوتی ہیں۔ بیٹی کسی کی بھی ہو، بیٹی ہوتی ہے اور ماں جس کی بھی ہو، ماں ہی ہوتی ہے۔

سربراہ تحریک تحفظ آئین نے مزید کہا کہ میں اپنے ساتھیوں کو بھی کہتا ہوں کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے ساتھ کوئی بدتمیزی نہ کرے تو دوسروں کے لیے بھی وہی معیار اپنائیں جو اپنے لیے چاہتے ہیں۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ آپ اپنی ماں اور بہن کی عزت کریں اور دوسروں کی ماں بہن کو گالیاں دیں۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top